ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نائس کمپنی کی دھاندلیوں کے خلاف جے ڈی ایس کی خاموشی افسوسناک : بی جے پی

نائس کمپنی کی دھاندلیوں کے خلاف جے ڈی ایس کی خاموشی افسوسناک : بی جے پی

Thu, 20 Dec 2018 21:45:39    S.O. News Service

بنگلورو،20؍دسمبر(ایس او نیوز) نائس گھپلے کے متعلق پچھلے کئی برسوں سے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے والی جے ڈی ایس اقتدار ملتے ہی اپنا رویہ تبدیل کرچکی ہے، اور نائس گھپلے کے خلاف کارروائی کرنے میں تذبذب کا مظاہرہ کررہی ہے یہ الزام آج ریاستی بی جے پی نے عائد کیا۔

سورنا سودھا میں ایک اخبار ی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اراکین اسمبلی آر اشوک ،اور ایس آر وشواناتھ نے کہا کہ نائس گھپلے کے متعلق پچھلی حکومت نے جو ایوان کمیٹی تشکیل دی تھی، اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ اس رپورٹ پر ایوان میں بحث کی اجازت کے مطالبے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت نے نائس معاملے میں جو رویہ اپنایا ہے اسے دیکھتے ہوئے یہ شبہ ہوتا ہے کہ یہ حکومت اس معاملے میں کارروائی کرنا نہیں چاہتی۔

انہوں نے کہاکہ نائس گھپلے کا حجم 20 ہزار کروڑ روپیوں سے زیادہ کا ہے۔ دستاویزات سمیت رپورٹ پیش کرنے کے باوجود حکومت خاطیوں پر کارروائی کرنے میں تذبذب کا مظاہرہ کررہی ہے۔ نائس معاملے میں سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت کے قیام کے بعد ریاستی اڈوکیٹ جنرل کی طرف سے جو حلف نامہ عدالت عظمیٰ میں دائر کیا گیا ہے وہ بھی یہ ظاہر کرتا ہے کہ نائس کمپنی کی طرف ہوچکی ہے۔ نائس کمپنی کی مبینہ دھاندلیوں کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ حکومت نے ظاہر نہیں کیا بلکہ اس کمپنی کی دھاندلیوں پر پردہ پوشی کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی جے پی لیڈروں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی ان کوششوں کے خلاف بی جے پی ایوان کے اندر اور باہر تحریک چلائے گی۔ چونکہ جے ڈی ایس نائس کمپنی کے معاملے میں کافی عرصے سے واویلا مچاتی رہی ہے۔اور اب اقتدار ملتے ہی خاموشی اختیار کرلی ہے۔ خود سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے نائس کے خلاف اپنی تحریک کی قیادت کی تھی۔ لیکن وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اس تحریک کو لے کر اس قدر دیانتدار نہیں نظر آرہے ہیں۔


Share: